ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کشمیر: دہشت گردوں نے تین پولیس اہلکاروں کو قتل کیا

کشمیر: دہشت گردوں نے تین پولیس اہلکاروں کو قتل کیا

Fri, 21 Sep 2018 22:57:05    S.O. News Service

سری نگر ،21ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میں مشتبہ جنگجوؤں نے جموں وکشمیر پولیس کے تین اسپیشل پولیس آفیسر(ایس پی او) کو اغوا کے بعد ہلاک کردیا ہے۔ تاہم ایک پولیس کانسٹیبل کے مغوی بھائی کو رہا کیا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مشتبہ جنگجوؤں نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات کے دوران شوپیان کے بٹہ گنڈ سے فردوس احمد کچھے اور کلدیپ سنگھ نامی دو ایس پی او کو اغوا کیا۔ ایسی ہی کاروائی میں کپرن میں ایس پی او نثار احمد اور ایک پولیس کانسٹیبل کے بھائی فیاض احمد بٹ کو اغوا کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق تین مغوی ایس پی اوکی گولیوں سے چھلنی لاشیں جمعہ کی صبح شوپیان کے دنہ گام میں پائی گئیں۔ واضح رہے کہ جنوبی کشمیر میں گذشتہ چند ماہ کے دوران جنگجوؤں کے متعدد پوسٹر نمودار ہوئے جن میں ریاستی پولیس کے اہلکاروں بالخصوص ایس پی او کو نوکریاں چھوڑنے کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔ جنگجوؤں نے گذشتہ ماہ کے اواخر میں 11 پولیس اہلکاروں کے 11 قریبی رشتہ داروں کو اغوا کیا تھا۔ تاہم حزب المجاہدین نے بعدازاں سبھی 11 رشتہ داروں کو رہا کیا تھا۔ ریاستی پولیس نے تب مبینہ طور پر متعدد افراد بشمول حزب المجاہدین کمانڈر ریاض نائیکو کے معمر والد اور لشکر طیبہ جنگجو لطیف ٹائیگر کے والد اور دو سگے بھائیوں کو حراست میں لیا تھا۔ اس کے علاوہ متعدد مقامی جنگجوؤں کے گھروں میں داخل ہوکر املاک کی توڑ پھوڑ کی تھی اور مبینہ طور پر ان کے رہائشی مکانات کو نذر آتش کرنے کی کوششیں کی تھیں۔ جنگجوؤں کے ہاتھوں پولیس اہلکاروں کے رشتہ داروں کے اغوا کو اسی کا شاخسانہ قرار دیا جارہا تھا۔


Share: